پاکستان میں اس سال اب تک ایچ آئی وی کے 9 ہزار 284 نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ہر ماہ ایچ آئی وی کے تقریباً 900 سے ایک ہزار نئے کیس سامنے آرہے ہیں جب کہ اس سے قبل 2022 میں بھی ایچ آئی وی کے 10ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے۔
وزارت صحت کا بتانا ہےکہ ایچ آئی وی کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب اور سندھ سے سامنے آرہے ہیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی ایچ آئی وی کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ اسلام آباد اور گردونواح بشمول کشمیر سے بھی ہر ماہ تقریباً 40 سے 50 نئے کیسز سامنے آرہے ہیں، ناکافی اقدامات اور غیر محفوظ جنسی تعلقات ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا بڑا سبب ہیں، ایچ آئی کے زیادہ تر کیسز حادثاتی طور پر ٹیسٹنگ کے نتیجے میں سامنے آرہے ہیں جس کیلئے پاکستان میں ایچ آئی وی کی ٹیسٹنگ بڑھانے کی ضرورت ہے۔