پی ٹی آئی رہنما علی ظفر نے کہا ہےکہ عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کے بارے میں کنفیوژن پیدا کرنے والوں کو روکنے کا کہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ لطیف کھوسہ کو غلط فہمی ہوئی ہے، کاغذ پر اور قانونی طور پر پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر خان ہوں گے لیکن فیصلے اُسی طرح ہوں گے جیسے پہلے ہوتے آئے ہیں، چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو بلے کا ہی نشان ملے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے وکیلوں نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے لیے درخواست دے رکھی ہے اور لطیف کھوسہ نے اب تک پی ٹی آئی جوائن نہیں کی، اگر انہوں نے ٹکٹ کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کو ذاتی طور پر درخواست کی ہے تو اس بارے میں چیئرمین نے مجھے کچھ نہیں بتایا۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ انہوں نے سُنا ہے کہ سلمان اکرم راجہ نے بھی پی ٹی آئی کے ٹکٹ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔