امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کی ونڈھم کاؤنٹی میں کمیونٹی سروسز فراہم کرنے والے ادارے کے ملازمین نے 20 ٹن کچرے سے ڈھیر سے خاتون کی شادی کی انگوٹھی ڈھونڈ نکالی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کاؤنٹی کے ونڈھم جنرل سروسز کے ڈائریکٹر ڈینس سینی بالڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ انہیں ادارے کے ایک ملازم کی کال موصول ہوئی اور جس میں اس نے بتایا کہ ایک خاتون اور ان کے شوہر نے غلطی سے کچرے میں شادی کی انگوٹھی کے چلے جانے کی شکایت کی ہے اور وہ اسے ڈھونڈنے کی درخواست کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر ونڈھم جنرل سروسز کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ ان کیلئے کافی دلچسپ اور مشکل ٹاسک تھا کیونکہ ملازمین نے کافی گھروں سے کچرا اٹھا لیا تھا اور انگوٹھی کو ڈھونڈنا بہت مشکل دکھائی دے رہا تھا۔
ڈینس سینی بالڈی کے مطابق خاتون سے ان کے کچرے کے تھیلے اور کچرا دینے کے وقت کے حوالے سے چند سوالات کیے گئے جس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کچرا اٹھانے والی گاڑی کا پتا چلایا گیا اور ساتھ ہی خاتون کے کچرے کا تھیلا ڈھونڈ کر انگوٹھی کو تلاش کرنے کا کام شروع کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملازمین کی 2 گھنٹے کی محنت رنگ لائی اور انہوں نے خاتون کی شادی کی انگوٹھی ڈھونڈ نکالی جسے دوبارہ حاصل کر کے خاتون خوشی سے نہال ہو گئیں۔
ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ونڈھم ٹاؤن میں 2 سالوں میں یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں ادارے کے ملازمین کی جانب سے شادی کی کھوئی ہوئی انگوٹھی کو ڈھونڈا گیا۔