کراچی سے مدینہ جانیوالی پی آئی اے کی پرواز کے انجن میں آگ لگ گئی، ہنگامی لینڈنگ

قومی ائیر لائن پی آئی اے کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز نے انجن میں آگ لگنے سے ہنگامی لینڈنگ کی۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 743 نے صبح 5 بجکر چار منٹ پر کراچی سے مدینہ کیلئے اڑان بھری، روانگی کے فوری بعد طیارہ ابھی اپروچ پکڑ رہا تھا کہ پائلٹ نے بوئنگ 777 طیارے کے انجن سے چنگاری نکلتے دیکھی،کاک پٹ میں فائر الارم کی وارننگ بھی آئی جس کے بعد پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائر بوتل کے ذریعے طیارے کے انجن میں آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جس سے طیارے کا ایک انجن بند ہوگیا۔

حکام نے بتایا کہ پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول سے فوری رابطہ کرکے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور کپتان نے طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں 276 مسافر سوار تھے، طیارے کی لینڈنگ ہونے کے بعد سول ایوی ایشن ٹیم فوری پہنچی اور کپتان سمیت فرسٹ آفیسر کے الکوحل، خون اور یورین کے ٹیسٹ کیے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے انجینئر انجن کا معائنہ کر رہے ہیں جب کہ جہاز کے انجن میں آگ لگنے کے شواہد نہیں ملے، پروسیجر کے تحت ایک انجن پر جہاز کو اتارا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے 15 مسافروں نے جانے سے انکار کیا، مسافروں کو شام 5 بجے متبادل پرواز کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں