سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی، میڈیا نمائندوں کو اندر جانے کی اجازت نہ ملی

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی، عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے کمرہ عدالت میں حاضری لگائی۔

ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی قانونی ٹیم اور دونوں کے اہلخانہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

سائفر کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ملکی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد بھی کیس کی کوریج کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہی تاہم میڈیا نمائندگان کو عدالتی حکم کے باوجود اندر جانے کی اجازت نہ ملی۔

خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ وزرات قانون نے 29 نومبر کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی اڈیالہ جیل میں سماعت سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

گزشتہ سماعت پر خصوصی عدالت کے جج نے سائفر کیس کی سماعت اوپن کورٹ میں کرنے کا حکم دیتے ہوئے میڈیا نمائندوں کو بھی کوریج کی اجازت دینے کا کہا تھا تاہم سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہی کرنے کا کہا اور پھر اس حوالے سے نگران وفاقی کابینہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں