چار روزہ میچ: پاکستان کیخلاف پرائم منسٹر الیون کی 2 وکٹیں گرگئیں

کینبرا میں پاکستان اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ میں گرین کیپس نے اپنی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز پر ڈیکلیئر کی، اس وقت آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے اور دو وکٹیں گر چکی ہیں۔

اوپنر مارکس ہیرس اور کیمرون بینکرافٹ نے ٹیم کو 96 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ہیرس 49 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ بینکرافٹ 53 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا کے پہلے ٹور میچ میں کپتان شان مسعود نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی، 201 رنز پر وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی اننگز:

کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام الحق 9 رنز بنا کر بکنگھم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

عبداللہ شفیق بھی 38 رنز بنا کر اسٹیکیٹی کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم بھی 40 رنز بنا کر بکنھگم کا شکار بنے۔

چائے کے وقفے کے بعد سعود شکیل بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے اور انہوں نے 13 رنز کی اننگز کھیلی لیکن شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ سرفراز احمد نے 41 رنز اسکور کیے جبکہ فہیم اشرف کھیل کے آخری اوور میں 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ عامر جمال 5، میر حمزہ 8 اور خرم شہزاد 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں