بیٹھے رہنے کے دوران ٹانگیں ہلانا ایک عام عادت ہے جو بہت سے لوگوں میں پائی جاتی ہے، اکثر اوقات لاشعوری میں کبھی کوئی آہستہ آہستہ ٹانگیں ہلا رہا ہوتا ہے تو کوئی تیز تیز، زیادہ تر لوگوں کو ایک وقت میں صرف ایک ٹانگ ہلانے کی عادت ہوتی ہے۔
اگرچہ یہ ایک بے ضرر عادت کی طرح لگ سکتی ہے، لیکن یہ کسی شخص کی نفسیات اور صحت کے بارے میں دلچسپ و سنجیدہ معلومات فراہم کرتی ہے، یہ عادت آپ کے بارے میں کیا بتاتی ہے؟ آئیں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
صحت سے متعلق پوشیدہ پہلو:
بعض صورتوں میں یہ عادت صحت کی بنیادی حالتوں سے منسلک ہو سکتی ہے، کبھی کبھار ٹانگوں کی مسلسل حرکت ریسٹلیس لیگ سنڈروم (RLS) کی علامت ہو سکتی ہے، یہ ایک اعصابی عارضہ ہے جس میں ٹانگوں کو جان بوجھ کر ہلانے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔
ضرورت سے زیادہ ٹانگوں کا ہلنا بعض اوقات بڑھتی ہوئی بے چینی یا تناؤ کے سبب بھی ہوسکتی ہے، یعنی جب انسان بہت گہری سوچ میں ہو یا کوئی پریشانی ہو ، تب بھی بے دھیانی میں ٹانگ ہلنے لگتی ہے۔
اگر یہ عادت آپ کو بہت زیادہ پریشان کرتی ہے تو مناسب تشخیص کے لیے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے، اور کسی نتیجے پر پہنچنے کے بجائے صحیح تشخیص کریں۔
نفسیات کا عمل دخل:
جو لوگ عادتاً اپنی ٹانگیں ہلاتے ہیں وہ دراصل اپنی پریشانی پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں، چاہے بے دھیانی میں ہی ، بعض حالات میں، ٹانگیں ہلنا بوریت یا مصروفیت کی کمی کی نشاندہی کر سکتا ہے۔
جب آپ کا دماغ بھٹک جاتا ہے یا عدم دلچسپی کا شکار ہو جاتا ہے، تو جسم اپنے آپ کو بھٹکانے کا راستہ تلاش کرتا ہے جس سے ٹانگیں ہلنا شروع ہوجاتی ہیں۔
اس کے علاوہ اگر آپ کو لگے کہ کسی پریشانی میں آپ بیٹھے ہوں اور ٹانگیں ہل رہی ہوں تو اسٹریس، انزائٹی کو کنٹرول کرنے کے کوئی اور طریقے اپنائیں جیسے کہ ورزش اور یوگا وغیرہ۔
اعتماد کی کمی:
یہ حالت اکثر اعتماد کی کمی کی وجہ سے بھی ہوتی ہے، جب انسان کو اپنے اوپر یقین نہ ہو اور وہ پریشان ہو تب نفسیاتی طور پر وہ کمزور ہوتا ہے اور ایسے میں ٹانگیں ہلتی ہیں۔
ٹانگیں ہلانے کی عادت آپ کی شخصیت کے بارے میں کیا بتاتی ہے؟
ٹانگیں ہلانے کی عادت بعض اوقات بے صبری کی نشاندہی کر سکتی ہے، جو افراد اپنے کاموں میں فوری نتائج کی شدید خواہش رکھتے ہیں وہ اکثر اپنی ٹانگیں انزائٹی میں ایسے ہلاتے ہیں۔
وہ لوگ جو قدرتی ملٹی ٹاسکرز ہیں یعنی ایک ہی وقت میں بہت سے کام کرنے کے عادی ہیں تو جب وہ بیک وقت دوسرے کاموں میں مشغول ہوتے ہیں تو وہ ٹانگیں ہلا سکتے ہیں۔
یعنی یہ کوئی ایسی عادت نہیں جو آپ کو نقصان پہنچائے، البتہ یہ اپنی کیفیت چھپانے یا تناؤ میں ظاہر کیے جانے والا ایک جذبہ ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدے میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، اس حوالے سے اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔