توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کیخلاف عمران خان کی درخواست فل بینچ میں پیش کرنیکی سفارش

لاہور ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس دوران عدالت نے کہا کہ اسی نوعیت کی درخواست فل بینچ کے روبرو زیر سماعت ہے، اب تک کتنے کیسز میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوچکا ہے، اس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سائفر اور القادر ٹرسٹ سے متعلق کیسز کیلئے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے وہ تمام ریکارڈ درخواست کے ساتھ لگایا ہے، ہم ایک کیس میں آرڈر کردیں تو باقیوں پر کیا اثر ہوگا، آپ تمام ریکارڈ فراہم کریں۔

عدالت کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن 13 دسمبر کو جیل ٹرائل کیلئے پہنچ جائے گا، اس پر جسٹس عالیہ نے کہا کہ آپ کے پاس 100 وکلا کی ٹیم ہے، فوری ریکارڈ منگوا کر ساتھ لگا دیں۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہم ریکارڈ فراہم کر دیتے ہیں آپ درخواست کو کل کےلیے مقرر کردیں، عدالت نے کہا کہ آپ متفرق درخواست کے ذریعے تمام دستاویزات لف کردیں پھر دیکھتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش کرتے ہوئے چیف جسٹس کو بھجوادی جب کہ عدالت نے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے متعلق ریکارڈ درخواست کے ساتھ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کے بھی جیل ٹرائل کا فیصلہ سنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں