کراچی: شہر میں بچوں کے اغوا اور پر اسرارطور پر لاپتا ہونے کے واقعات میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔
سال 2023 میں دیگر جرائم کی طرح بچوں کے اغوا اور لاپتا ہونے کے واقعات میں بھی اضافہ رہا اور اب تک 250سے زائد بچوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
ذرائع کے مطابق رواں سال کے 11ماہ کے دوران ایک ہزار 255 بچے لاپتا ہوئے، لاپتا بچوں میں 950 سے زائد بچے مل چکے ہیں جب کہ 250سے زائد بچوں اور بچیوں کے والدین اب بھی اپنے جگر گوشوں کو تلاش کررہے ہیں ۔
فلاحی ادارے کے سربراہ محمد علی کے مطابق نومولود سے 5 سال کی عمر کے 15بچے مبینہ طور پر اغوا ہوئے، 6 سے 10سال کی عمر کے اغوا ہونے والے بچوں کی تعداد 34 رہی، 11سے 15سال کی عمر کے 108 بچوں کے لاپتا ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے،لاپتا بچوں میں 200 بچے اور 50 سے زائد بچیاں شامل ہیں۔
ماہ ستمبر میں سب سے زیادہ 165بچے اغوا اور لاپتا ہوئے، بچوں کے لاپتا ہونے کے سب سے زیادہ واقعات ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے، سال 2023کے پہلے ماہ جنوری میں 98، فروری میں 112، مارچ میں 85 بچے گم ہوئے۔
اپریل میں 48، مئی میں 91، جون میں 132 اور جولائی میں 122بچے لاپتا ہوئے، اگست میں 164، ستمبر میں 165،اکتوبر میں 130 اور نومبر میں 100سے زائد بچے کے اغوا اور لاپتا ہوئے۔