میں سلیکٹر نہیں کہ اپنے بھائیوں کو اپنی ہی ٹیم میں منتخب کیا: نسیم شاہ

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ میں سلیکٹر نہیں کہ اپنے بھائیوں کو اپنی ہی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں منتخب کیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میرے لیے نئی ٹیم ہے، امید ہے یہ اچھا سیزن ہوگا۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کرکٹ میں اپنی محنت سے آئے ہیں، میں سلیکٹر نہیں کہ اپنے بھائیوں کو اپنی ہی ٹیم میں منتخب کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انجری کے بعد کم بیک آسان نہیں ہوتا، یہاں بہت اچھے بیٹرز ہیں، بولنگ چیلنج ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ اب کوئٹہ کے بجائے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم سے پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

نسیم شاہ کے دو بھائی بھی پی ایس ایل میں کھیلیں گے:

خیال رہے کہ نسیم شاہ کے دو بھائی بھی پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہی حصہ ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 9 کے سلسلے میں جہاں ڈرافٹنگ کے دوران فرنچائزز نے بڑے ناموں کو منتخب کیا وہیں اس بار ایک نئی تاریخ بھی رقم ہوگئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ‘شاہ برادرز’ نسیم شاہ کے بعد ان کے چھوٹے بھائی حنین اور عبید شاہ کو بھی اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا۔

نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی حنین شاہ نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دھوم مچائی جبکہ عبید شاہ پاکستان انڈر 19 میں شامل ہیں جو اس وقت دبئی میں ایشیا کپ کھیل رہی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے حنین اور عبید شاہ کو پی ایس ایل 9 کیلئے ایمرجنگ کیٹیگری میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں