لاہور: قومی کرکٹر احمد شہزاد نے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں مسلسل نظر انداز ہونے پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو خیرباد کہنےکا اعلان کر دیا۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے لیے ڈرافٹ دو روز قبل لاہور میں ہوئے تھے جس میں پی ایس ایل ٹیموں نے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم کے لیے پک کیا تھا تاہم کسی بھی ٹیم کی جانب سے احمد شہزاد کو پک نہ کیا گیا۔
احمد شہزاد نے سوشل میڈیا پر ایک دلبرداشتہ نوٹ لکھا اور کہا سوچا تھا کہ رواں سال یہ نوٹ نہیں لکھوں گا، ایک اور ڈرافٹ گزر گیا لیکن وہی پرانی کہانی! اللہ ہی بہتر جانتا ہے مجھے کیوں پک نہیں کیا گیا، وہ پلان کرتے ہیں، پھر اللہ کا پلان ہوتا ہے اور بےشک اللہ بہتر فیصلے کرنے والا ہے۔
قومی کرکٹر نے لکھا میں نے تسلسل کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا کھیلنے کے لیے محنت کی، پی ایس ایل ڈرافٹ سے قبل نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اچھا کھیل پیش کیا، مجھے لگتا ہےکہ مجھے جان بوجھ کر باہر رکھنے کی کوشش کی گئی ہے، مجھ سے کم نمبر والوں کو ترجیح دی گئی، اگر یہ طے شدہ ہے تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
احمد شہزاد نے لکھا اپنی عزت نفس کی خاطر پی ایس ایل کو چھوڑا ہے، میں ان چھ ٹیموں کے ساتھ دوبارہ پی ایس ایل نہیں کھیلوں گا۔