خیبرپختونخوا کے 2 اضلاع میں دہشتگردوں کے حملے، 6 سکیورٹی اہلکار شہید

خیبرپختونخوا کے 2 اضلاع میں دہشتگردوں کے حملوں میں 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

جیونیوز کے مطابق ضلع خیبر میں دہشتگردوں نے باڑہ کے نالہ جوائنٹ پوسٹ پر حملہ کردیا جس دوران دہشتگردوں نے دستی بم سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اسپتال انتظامیہ کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری کے7 زخمی اہلکار ایچ ایم سی لائےگے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے، زخمیوں کو نیروسرجری، سرجیکل اور آرتھو پیڈک وارڈزمیں داخل کیاگیا۔

ٹانک میں دہشتگردوں کا حملہ

دوسری جانب ٹانک میں بھی دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا جہاں دہشتگردوں نے ڈیرہ روڈ پر واقع پولیس لائن پر حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے اور 4 زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی سے ایک دہشتگرد بھی ہلاک ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ دہشتگردوں نے حملہ رات 3 بجے کے قریب کیا جس کے بعد ڈیرہ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا اور دہشگردوں کو پکڑنے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق پولیس لائن میں اب بھی دو خود کش بمبار کی موجودگی کی اطلاع ہے، پولیس لائن سےاب بھی دھماکوں،فائرنگ کی آوازیں سنی جارہی ہیں جس کے سبب ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ چند روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں فورسز کی کارروائی میں 27 دہشتگرد ہلاک ہوئے جب کہ دہشتگردوں سے مقابلے میں 23 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں