مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں: وزیراعظم

مظفرآباد: نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوگوں کو مایوس اور نا امید نہیں ہونا چاہیے، کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ تھا نہ ہو گا۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، کوئی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔

انوار الحق کاکڑ کا کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہنا تھا مقبوضہ کشمیر سے متعلق کوئی یکطرفہ اقدام پاکستان کو قابل قبول نہیں ہے، بھارتی سپریم کورٹ نے زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے کشمیر پر سیاسی عزائم پر مبنی غیر قانونی اور غیر منصفانہ فیصلہ دیا۔

گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا جو کچھ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہو رہا ہے پاکستان اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، کشمیریوں کو طاقت کے زور پر زیر کرنے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مفاد اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان پر کشمیر کی وجہ سے تین بار جنگ مسلط کی گئی، اگر 300 مرتبہ بھی جنگ مسلط کی گئی تو ہم یہ جنگ لڑیں گے، کسی کے ذہن میں کسی قسم کا کوئی خدشہ ہے تو وہ دور کر لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں