نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین نے ٹانک میں دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹانک میں پولیس جوانوں نے انتہائی جواں مردی کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ان پولیس جوانوں کی بہادری دوسرے جوانوں کے لیے قابل تقلید ہے، خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میں امن کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں پولیس کی ان قربانیوں پر فخر ہے، اس کے ساتھ ہی نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بہادری سے شدت پسندوں کا مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کے لیے 10 لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے 2 اضلاع خیبر اور ٹانک میں دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں 5 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے اور ان شہیدوں میں پولیس کے 3 جوان بھی شامل ہیں۔