سارہ انعام قتل کیس: مجرم شاہنواز نے سزائے موت کیخلاف اپیل دائر کردی

اسلام آباد: سارہ انعام قتل کیس کے مجرم شاہنواز امیر نے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔

سارہ انعام قتل کیس میں سزائے موت پانے والے مجرم شاہنواز امیر نے سزائے موت کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

ایڈووکیٹ نثار اصغر کے توسط سے دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ ٹرائل کورٹ نے شاہنواز امیرکو سزائے موت کا حکم دیا اور شریک ملزمہ ثمینہ شاہ کو بری کیا، شاہنواز کو سزا دینے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون اور حقائق کے منافی ہے، ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رہ سکتا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ فرد جرم کے لیے استغاثہ نے کہانی گھڑی تھی اور استغاثہ ٹھوس شواہد پیش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت ٹرائل کورٹ کا 14 دسمبرکا فیصلہ کالعدم قرار دے کر شاہنواز کو مقدمے سے بری کرے۔

واضح رہےکہ سارہ انعام کو 23 ستمبر 2022 کو ان کے شوہر شاہنواز امیر نے اسلام آباد میں قتل کیا تھا اور ٹرائل کورٹ نے چند روز قبل کیس میں نامزد ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت اور 10 لاکھ ہرجانے کی سزا سنائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں