ملک بھر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے

ملک بھر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

آج صبح مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب بھی ہوئی جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق چوبند دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے مزارپرپھول رکھے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے اصولوں پرعمل ہے۔
برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 25 دسمبر 1876 کو کراچی کے وزیر مینشن میں آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ بچہ عظیم رہنما بن کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار لگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام میں حاصل کی جبکہ میٹرک کا امتحان جامعہ بمبئی سے پاس کیا بعد میں اعلیٰ تعلیم کیلئے لندن روانہ ہوگئے1895 میں انہوں نے لندن سے قانون کی ڈگری حاصل کرلی اور بمبئی واپس آ کر باقاعدہ طور پر وکالت کا آغاز کیا۔

1896 میں محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی لیکن کچھ عرصے بعد ہی انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں