مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے جہاں وہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے علاوہ ایم کیو ایم رہنماؤں اور پیر پگارا سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) سندھ کے ترجمان کے مطابق کراچی ائیر پورٹ آمد پر پارٹی رہنما شہباز شریف کا استقبال کریں گے جس کے بعد شہباز شریف مقامی ہوٹل میں پارٹی رہنماؤں اور پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ شہباز شریف جمعہ کو ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کے لیے جائیں گے، وہ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا اور جی ڈی اے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ان ملاقاتوں کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال، انتخابات کے دوران سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت مختلف امور پر گفتگو ہو گی۔