مہنگائی سے متعلق بیان احسن اقبال کی حوصلہ افزائی کیلئے دیا تھا: دانیال عزیز

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ احسن اقبال سے متعلق مہنگائی سے جڑے بیان کو مخالفین غلط استعمال کر رہے ہیں۔

چند روز قبل مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما دانیال عزیز نے بیان دیا تھا کہ احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خود کو عقل کُل سمجھتے ہیں، احسن اقبال کو مقامی حکومتوں سے متعلق تقریر جھاڑنے سے پہلے جواب دینا چاہیے کہ وہ جب پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے تو ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پاسکے۔

دانیال عزیز کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس نااہلی کی وجہ سے ہماری حکومت عوامی سطح پر مکمل ناکام ہو گئی تھی، ہماری پارٹی مسلم لیگ ن مہنگائی کو کم رکھنے کا بہت اچھا ریکارڈ رکھتی تھی لیکن مہنگائی کی وجہ سے ہماری پارٹی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔

دانیال عزیز کے اس بیان پر مسلم لیگ ن نے احسن اقبال کے خلاف بیان پر انہیں شوکاز جاری کرتے ہوئے وضاحت بھی طلب کی گئی تھی جبکہ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا ء اللہ نے دانیال عزیز کے احسن اقبال کے خلاف بیان کو پارٹی ٹکٹ کا جھگڑا قرار دیا تھا۔

اب دانیال عزیز کا ایک اور بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی پر میرے 30 نومبر کے بیان کو مخالفین غلط استعمال کر رہے ہیں، مخالفین میرے بیان کو ن لیگ کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دینےکے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میرے بیان کا مقصد احسن اقبال کی بطور سربراہ پرائس مانیٹرنگ کمیٹی حوصلہ افزائی کرنا تھا، میرا مقصد تھا کہ احسن اقبال مہنگائی کی اصل وجوہات کو منظر عام پر لائیں۔

دانیال عزیز کا مزید کہنا تھا میرے بیان کا مقصد تھا احسن اقبال مہنگائی سے فائدہ اٹھانے والوں کو منظر عام پر لائیں، میرا مقصد کسی فرد کو بدنام نہیں کرنا تھا، مقصد تھا عوام کو مہنگائی کی اصل وجوہات اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کا بتاؤں۔

ان کا کہنا تھا احسن اقبال نے درست نشاندہی کی کہ شرح سود اور ایکسچینج ریٹ مہنگائی کی وجہ ہیں، احسن اقبال نے درست نشاندہی کی کہ پیسے کی سپلائی بھی مہنگائی کی وجہ ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میرا ارادہ ہے کہ مہنگائی کے حقائق اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کو بےنقاب کروں، میرے بیان کو احسن اقبال یا مسلم لیگ ن کےخلاف نہ سمجھا جائے، احسن اقبال یا جماعت کوپہنچنے والے کسی بھی نقصان پر افسوس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں