راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرکے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 4 اور 5 جنوری کی رات دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا جس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت گل یوسف عرف طور کے نام سے ہوئی ہے، دہشتگرد گل یوسف ٹانک اور ڈی آئی خان میں دہشتگرد حملوں میں ملوث ہونے کے ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی مطلوب گل یوسف کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی جب کہ ٹانک کے رہائشیوں نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کا خیر مقدم کیا۔