بنگلادیش: شیخ حسینہ واجد کی جماعت نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی

ڈھاکا: بنگلادیش کے عام انتخابات میں ایک بار پھر شیخ حسینہ واجد کی جماعت بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کے عام انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کیا جس کے بعد شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ نے بڑی کامیابی حاصل کی۔

عوامی لیگ کی الیکشن میں کامیابی کے بعد شیخ حسینہ واجد کے پانچویں مرتبہ بنگلادیش کی وزیراعظم بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ نے الیکشن میں 222 نشستیں حاصل کیں جب کہ انتخابات میں کسی دوسری سیاسی جماعت کے بجائے آزاد امیدواروں نے بڑے پیمانے پر کامیابی سمیٹی ہے اور 63 نشستیں حاصل کی ہیں۔

بنگلادیشی الیکشن کمیشن کے مطابق اس وقت ملک کی موجودہ اپوزیشن جماعت جتیا پارٹی نے 300 کے ایوان میں صرف 11 نشستیں ہی حاصل کی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آزاد امیدوار کے طور پر کامیاب ہونے والے متعدد امیدوار ایسے ہیں جنہیں عوامی لیگ نے ٹکٹ کے لیے منتخب نہیں کیا تھا تاہم انہیں ایک ڈمی امیدوار کے طور پر الیکشن میں کھڑے ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

واضح رہےکہ 76 سال کی شیخ حسینہ واجد 2009 سے بنگلادیش کی وزیراعظم ہیں جب کہ انہوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والے جماعتوں کو دہشتگرد جماعتیں قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں