ایپل کا پہلا مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ آئندہ ماہ فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا

ایپل کا پہلا مسکڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ ویژن پرو فروری میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس کا پہلا ہیڈ سیٹ 2 فروری کو صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ ایپل نے جون 2023 میں اپنا پہلا مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ ویژن پرو دنیا کے سامنے پیش کیا تھا۔

یہ کمپنی کی جانب سے 8 سال میں متعارف کرائی گئی پہلی اہم ترین ڈیوائس تھی، اس سے قبل 2015 میں ایپل واچ کو پیش کیا گیا تھا۔

مگر اس وقت یہ ڈیوائس فروخت کے لیے پیش نہیں کی گئی تھی اور یہ کہا گیا تھا کہ یہ 2024 میں کسی وقت لوگوں کو دستیاب ہوگی۔

ویژن پرو بنیادی طور پر ایک مکمل آئی او ایس کمپیوٹر ہے جو ورچوئل رئیلٹی (وی آر) ہیڈ سیٹ کی شکل میں تیار کیا گیا ہے۔

یہ ہیڈ سیٹ حقیقی دنیا اور ورچوئل اشیا کو آپس میں ملانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کمپنی نے اس کی فروخت کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے چند فیچرز کی تفصیلات بھی بتائی ہیں۔

یہ ہیڈ سیٹ 256 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا اور آغاز میں یہ صرف امریکا میں دستیاب ہوگا۔

کمپنی کے مطابق جو افراد نظر کے چشمے پہنتے ہیں، انہیں ویژن پرو استعمال کرنے کے لیے خصوصی لینسز پہننا ہوں گے جن کی قیمت 99 سے 149 ڈالرز تک ہوگی۔

جون میں ڈیوائس کو متعارف کراتے ہوئے ایپل کے ہیومین انٹرفیس ڈویژن کے نائب صدر ایلن ڈائی نے بتایا تھا کہ اس ہیڈ سیٹ سے صارفین کو اپنے اردگرد کا اے آر ورژن دیکھنے یا مکمل ورچوئل رئیلٹی مقام دیکھنے کا تجربہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ویژن پرو کو کنٹرول کرنے کے لیے آپ کی آنکھوں، ہاتھوں اور آواز پر انحصار کیا جاتا ہے، آپ محض دیکھ کر سسٹم کے مختلف حصوں کو براؤز کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیوائس کے فرنٹ پر ٹرانسپیرنٹ اسکرین موجود ہے تاکہ آپ اپنے آس پاس کے ماحول کو دیکھ سکیں۔

اس ڈیوائس میں آئی او ایس ایپس کو چلانا ممکن ہے، یعنی فیس ٹائم کو اے آر ٹیکنالوجی کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ویژن پرو میں 3 ڈی کیمرا دیا گیا ہے جسے تصاویر کھینچنے اور وی آر ٹیکنالوجی کے تجربے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اسی طرح ڈیوائس میں ہر آنکھ کے سامنے 4k ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ ایم 2 پراسیسر استعمال کیا گیا ہے۔

کمپنی کا تو کہنا ہے کہ یہ ایک ڈیوائس ٹی وی، سراؤنڈ ساؤنڈ سسٹم، طاقتور لیپ ٹاپ اور گیمنگ کنسول کا متبادل ہے۔

اس ہیڈ سیٹ کی قیمت 3499 ڈالرز رکھی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں