امریکا کی مشرقی ریاستوں میں ہوا کے بگولوں، شدید بارشوں اور برفانی طوفان سے 5 افراد ہلاک

امریکا کی مشرقی ریاستوں میں ہوا کے بگولوں، شدید بارشوں اور برفانی طوفان سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور کینیڈا کے مشرقی حصوں کو ایک ساتھ طوفانوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے شدید تباہی مچی جب کہ نیو یارک اور فلوریڈا میں لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا، الاباما اور جارجیا کو متعدد ہوا کے بگولوں نے گھیر لیا جس سے گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا جب کہ ملکی اور غیر ملکی ایک ہزار 300 کے قریب پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی کیرولینا میں 4 سے 5 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی جس سے کئی علاقے زیر آب آگئے، بعض علاقوں میں ایک فٹ تک برف کی تہہ جم گئی اور معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان طوفانوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

نیشنل ویدر سروس کی جانب سے امریکا کے مشرقی حصوں کو مزید طوفانوں سے خبردار کرتے ہوئے بتایا گیا ہےکہ ریاست فلوریڈا، جارجیا، شمالی اور جنوبی کیرولینا کے علاقوں کو مزید ہوا کے بگولے اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں جب کہ ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

نیشنل ویدر سروس نے بتایا کہ اس دوران ہوا 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی اور شدید بارشوں سے سیلاب بھی آسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں