اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی کو لالٹین کا نشان دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا جس میں کمیشن نے اے این پی کو اس کا پرانا انتخابی نشان لالٹین الاٹ کردیا۔
عوامی نیشنل پارٹی نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے 6 ماہ کی مہلت مانگی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اے این پی کی 5 سال کی مدت ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے، ملک میں اس وقت الیکشن مہم چل رہی ہے اور سیاسی جماعتیں اس میں شرکت کررہی ہیں لہٰذا اے این پی 10 مئی تک انٹرا پارٹی الیکشن کرائے۔
الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی پر 20 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔
واضح رہےکہ تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے کا معاملہ بھی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو بلے کا نشان الاٹ کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔