بھارت کے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر لیجنڈ کرکٹر نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو کو جعلی قرار دے د یا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سچن ٹنڈولکر کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی تھی جس میں انہیں بظاہر ایک سوشل میڈیا ایپ کی تشہیر کرتے دیکھا گیا تھا۔
زیر غور ویڈیو میں سچن کی ای ویڈیو پر ان ہی کی جیسی آواز ایڈیٹ کی گئی تھی جس میں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’ میری بیٹی بھی اس وقت Skyword Aviator Quest نامی گیم کھیل رہی ہے جس کے بارے میں ہر کوئی بات کررہا ہے، میری بیٹی یہ گیم کھیل کر روزانہ ایک لاکھ 80 ہزار بھارتی روپے کمالیتی ہے‘۔
https://x.com/sachin_rt/status/1746794062961950824?s=20
ویڈیو میں سچن کا کہنا تھا کہ میں بھی حیران ہوں کہ اب پیسہ کمانا کتنا آسان ہوگیا ہے، یہ ایپلی کیشن بالکل مفت ہے، کوئی بھی آئی فون مالک اس ایپلی کیشن کو بآسانی ڈاؤن لوڈ کرسکتا ہے۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سچن ٹنڈولکر نے ایکس پر جاری بیان میں اس کو جعلی قرار دے دیا۔
سابق کرکٹر نے لکھا کہ یہ ویڈیوز جعلی ہیں، ٹیکنالوجی کا بے تحاشہ غلط استعمال دیکھنا پریشان کن ہے۔
ٹوئٹ میں سچن نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ اس طرح کی ویڈیوز، اشتہارات اور ایپس کو بڑی تعداد میں رپورٹ کریں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو الرٹ اور شکایات کے جواب میں جوابدہ ہونے کی ضرورت ہے، غلط معلومات اور ڈیپ فیکس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فوری کارروائی انتہائی اہم ہے‘۔