کوئٹہ: بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہےکہ اسلام آباد میں گمشدہ بلوچوں کی نوٹنکی لگانے والے افراد بھی بری طرح بے نقاب ہوگئے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کی سلامتی اورخودمختاری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو بھرپور جواب دیا، پاک افواج نے آرمی چیف کی قیادت میں قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ہے، اس ایکشن سے بھارت کی دہشتگردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے تھےکہ مسنگ پرسنزکا مسئلہ حل ہورہا ہے، علیحدگی پسند اور دہشتگرد تنظیموں کے افرادایران میں بھارت سے سازباز کرکے پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے تھے، پاکستان اور خاص طورپربلوچستان میں دشمن قوتیں اندرونی خلفشار میں ناکامی کے بعد بیرونی مداخلت کی کوشش کررہے تھے، اس بارے میں مسلسل قوم کوآگاہ کرتے رہے ہیں۔
نگران وزیراطلات نے مزید کہا کہ پہلے بھی واضح کیا تھاکہ دشمن کبھی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوگا، ہم ہر جگہ دشمن قوتوں کا بھر پورمقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کو عام معافی دلواکر قومی دھارے میں لارہے ہیں۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی دھرنا دینے والی خواتین کو مذاکرات کی پیشکش کی، اسلام آباد میں گمشدہ بلوچوں کی نوٹنکی لگانے والے افراد بھی بری طرح بے نقاب ہوگئے۔