کہتے ہیں جب کسی کام یا شوق کو پورا کرنے کے ٹھان لی جائے تو کوئی چیز آپ کو پیچھے نہیں کرسکتی اور ایسا ہی کچھ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے کیا جسے اس کی ہاتھوں سے معذوری بھی کرکٹ سے دور نہ کرسکی۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے عامر حسین لون کرکٹ کو جنون کی حد تک پسند کرنے والے لوگوں میں شامل ہیں جو ہاتھوں سے محروم ہونے کے باوجود کئی برسوں سے گھر کے قریب کرکٹ کی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں، یہی نہیں لون اس وقت مقبوضہ کشمیر کی پیرا کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔
حال ہی میں بھارت کے سابق کپتان سچن ٹندولکر نے عامر کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک ٹوئٹ بھی کی جس میں لکھا تھا کہ’میں ایک دن عامر سے ضرور ملوں گا اور اس روز میں خود عامر کو اپنی جرسی دوں گا‘۔
اس سے قبل بھارت کے سابق کرکٹر اشیش نہرا بھی 2016 میں ممبئی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی سیمی فائنل کو دیکھنے کیلئے عامر کو دعوت دے چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر حسین لون نے 1997 میں 8 سال کی عمر میں حادثے میں اپنے ہاتھ گنوادیے تھے لیکن اس حادثے کے باوجود انہوں نے ہار نہ مانی اور اپنی ٹانگوں سے کرکٹ کھیلنا شروع کردیا۔