گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ صرف دو دن کے لیے آئی جی اور کراچی پولیس چیف کو میرے ماتحت کریں پھر شہر میں جرم ہوا تو میں عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا۔
سوال اسپتال کراچی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا سول اسپتال میں ایک بستر پر تین تین بچے رکھے گئے ہیں، زیر علاج بچوں کے اہلخانہ فٹ پاتھ پر سونے پر مجبور نظر آئے۔
ان کا کہنا تھا الیکشن قریب ہیں اور سب جماعتیں دعوےکر رہی ہیں، کراچی کے تمام سرکاری اسپتالوں کا بہت برا حال ہے، دیگر صوبوں میں 10 لاکھ روپے تک علاج کے لیےکارڈز موجود ہیں، سیکرٹری صحت سے کہا کہ سندھ کے عوام کو بھی صحت کارڈ مہیا کرنے کے اقدامات کیے جائیں، 95 ارب روپےکا بجٹ اسپتالوں کو دیا جا رہا ہے وہ کہاں جا رہا ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کراچی میں جہاں جائیں گٹر کھلے ملتے ہیں، آج 11 مقامات پر دیکھا کہیں گٹر کا ڈھکن نہیں تھا، شہر میں اسٹریٹ کرائم کا بہت برا حال ہے،کراچی پولیس چیف سے اس بارے میں پھر بات کروں گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا لوگ ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ شہر میں کرائم کب ختم ہو گا، جن کی موٹر سائیکل اور موبائل چھینے گئے انہیں جلد ہم فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دو دن کے لیے آئی جی اور کراچی پولیس چیف کو میرے ماتحت کریں پھر جرم ہوا تو استعفیٰ دے دوں گا، جنہیں نگران حکومت دی گئی ان سے بھی سوال کرنے کی ضرورت ہے، سمریوں پر دستخط نہیں کیے جا رہے، نظام کیسے درست ہو گا۔