مظفر گڑھ سے قومی اسمبلی کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار نے اپنی ہی پارٹی کے صوبائی نشست کے امیدوار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر منافقت کا الزام عائد کردیا۔
مظفرگڑھ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 176 سے ن لیگ کے امیدوار باسط سلطان بخاری نے صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے اپنی ہی پارٹی کے امیدوارعون حمید ڈوگر پر الزام عائد کیا کہ وہ آزاد امیدوار اور دیگر پارٹیوں کے امیدواروں کو ووٹ دلوانے کیلئے کوشاں ہیں۔
خان گڑھ میں منعقدہ کارنرمیٹنگ میں باسط سلطان بخاری نے عون حمید پر منافقت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ عون حمید ڈوگر کو آخری وارننگ دیتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ منافقت چھوڑ دیں، ورنہ وہ خود تنگ ہوں گے۔
باسط بخاری نے الزام عائد کیا کہ پی پی 271 سے لیگی امیدوار عون حمید ڈوگر آزاد امیدواروں احمد کریم قسور لنگڑیال، جمشید دستی اور پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار افتخار احمد خان کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں، اس حوالے سے پارٹی کو بھی آگاہ کروں گا۔
مظفرگڑھ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 176 سے باسط سلطان بخاری مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں،جبکہ قومی اسمبلی کے اس حلقہ این اے 176 کے صوبائی حلقے پی پی 271 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عون حمید ڈوگر ہیں۔
دوسری جانب جیونیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں عون حمید ڈوگر کا کہنا تھا کہ وہ الیکشن مہم میں مصروف ہیں، انہوں ویڈیو کے بارے میں سنا ہے لیکن تاحال ویڈیو نہیں دیکھ سکے، ویڈیو دیکھ کر ہی مؤقف دیں گے، ابھی کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔