نائیجیریا میں اغوا کے بعد یرغمال بنائی جانے والی 5 بہنوں اور ان کے والد کو پولیس نے کامیابی سے بازیاب کرا لیا تاہم اغواکاروں نے ایک بہن اور لڑکیوں کے چچا کو قتل کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے دار الحکومت ابوجا میں رواں ماہ کے آغاز میں 6 بہنوں کو ان کے والد اور چچا کے ساتھ تاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اغواکاروں نے لڑکیوں کے اہل خانہ سے 70 ہزار ڈالرز تاوان مانگا تھا تاہم انہوں نے ایک بہن اور لڑکیوں کے چچا کو قتل کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 5 لڑکیوں کو ہفتے کی رات شمالی نائیجیریا کے جنگل میں پولیس اور فوج کے مشترکہ آپریشن میں بازیاب کرایا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اغوا کاروں نے رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ کیا تھا لیکن پولیس بیان میں کسی کو رقم ادا کیے جانے کا ذکر نہیں کیا گیا۔