پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے وزارت عظمی کے امیدوار کو مباحثے کا چیلنج کیا ہے، مسلم لیگ ن کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار میں ہمت ہے تو ٹی وی پر لائیو آکر چیئرمین کے چیلنج کا سامنا کریں۔
لاہور میں پیپلزپارٹی کے جلسے پر لاہور کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آصفہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن لاہور والوں کا ایسا پاور شو نہیں کرسکتی جیسا آج پیپلز پارٹی نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج لاہوریوں نے ثابت کر دیا کہ وہ جمہوریت کے چاہنے والے ہیں، لاہوریوں نے ثابت کردیا وہ سیاست میں نئی سوچ پسند کرتے ہیں۔
آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ آج لاہور والوں نے چوتھی بار وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھنے والے کو مسترد کر دیا ہے، دنیا دیکھ لے لاہور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ن لیگ کے قائد اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار نواز شریف کو ملکی مسائل سے متعلق مناظرے کا چیلنج کیا تھا۔
بلاول بھٹو کے چیلنج کے جواب میں ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے بلاول کو جوابی چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ لاڑکانہ کا نارروال سے موازنہ کرلیں، اگر نارووال لاڑکانہ سے بہتر نہ ہوا تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے لیکن اگر بہتر ہوا تو بلاول کو سیاست چھوڑنے پڑے گی۔