کراچی: پنجاب میں شدید دھندکا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں ایک ماہ سے شدید دھند چھائی ہوئی ہے، دھند کا یہ سلسلہ مزید 3 سے4 دن جاری رہ سکتا ہے۔
جواد میمن کے مطابق 25 یا 26 جنوری کو مغربی ہواؤں کا کمزور شدت کا سلسلہ شمالی حصے پر اثر انداز ہو سکتا ہے جس کے سبب شمالی علاقہ جات کے 40 سے 50 فیصد حصے میں بارش کا امکان ہے۔
جواد میمن نے مزید بتایا کہ ایک اور طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 28 جنوری کوپاکستان پر اثرانداز ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان، کشمیر اور دیگر شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق پنجاب میں بارش کے بعد دھند کی شدت میں کمی آسکتی ہے، مغربی ہواؤں کے سلسلے فروری میں بھی آسکتے ہیں۔
جواد میمن نے مزید بتایا کہ آئندہ چند روز میں سندھ میں بارشوں کے حوالے سے پیشگوئی کی جاسکے گی۔