ایپل کی جانب سے ایک نیا سکیورٹی فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو چوروں کو آپ کے آئی فون ڈیٹا سے دور رکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔
ایپل کی جانب سے آئی فونز کے لیے آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن آئی او ایس 17.3 متعارف کرایا گیا جس میں Stolen Device Protection نامی فیچر موجود ہے۔
واضح رہے کہ اسمارٹ فونز میں صارف کی متعدد حساس تفصیلات موجود ہوتی ہیں جیسے مختلف سروسز کے اکاؤنٹس کے ای میلز، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات اور دیگر۔
ابھی آئی فون صارفین پاس کوڈ کے ذریعے اپنی حساس تفصیلات تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔
4 یا 6 ہندسوں کا یہ کوڈ مختلف کاموں کے لیے استعمال ہوتا ہے جیسے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات دیکھنا، ایپل آئی ڈی کا پاس ورڈ بدلنا یا ڈیوائس میں محفوظ تمام پاس ورڈز تک رسائی وغیرہ۔
اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایپل نے آئی فونز کی سکیورٹی کو Stolen Device Protection کے ذریعے زیادہ مضبوط بنایا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے پر آئی فون میں موجود حساس ڈیٹا یا سیٹنگز تک رسائی بائیو میٹرک طریقہ کار جیسے فیس آئی ڈی اور ٹچ آئی ڈی سے ہی ممکن ہو سکے گی۔
پھر چاہے چوروں کو آپ کے آئی فون کے پاس کوڈ کا علم ہی کیوں نہ ہو جائے، ڈیٹا محفوظ رہے گا۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کے تحت جب کوئی صارف ایپل آئی ڈی پاس ورڈ کو تبدیل کرے گا، فیس یا فنگرپرنٹ اسکیننگ کو بدلے گا یا فائنڈ مائی آئی فون کو ٹرن آف کرے گا تو اس سے بائیومیٹرک ڈیٹا مانگا جائے گا۔
بائیو میٹرک ڈیٹا فراہم کرنے کے بعد بھی ایک گھنٹے تک انتظار کراکے پھر سے وہ ڈیٹا مانگا جائے گا، جس کے بعد تبدیلیاں کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
یہ بائیو میٹرک ڈیٹا اس وقت مانگا جائے گا جب صارف اپنے گھر یا دفتر کی بجائے کسی ایسی جگہ پر ڈیوائس میں تبدیلیاں کرنے کی کوشش کرے گا، جس کا ریکارڈ ڈیوائس میں نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ آئی فون میں گھر یا دفتر جیسی جانی پہچانی جگہیں خودکار طور پر اسٹور ہو جاتی ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آئی فون میں آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا اور پھر خود اسے ٹرن آن کرنا ہوگا۔
اس کے لیے فون کی سیٹنگز میں فیس آئی ڈی اینڈ پاس کوڈ میں جاکر Stolen Device Protection کے آپشن کو ٹرن آن کرنا ہوگا۔
یہ واضح رہے کہ یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب آپ 2 فیکٹر authentication اور ایپل آئی ڈی میں فائنڈ مائی سیٹنگز کو ان ایبل کریں گے۔