گوگل نے اپنے مقبول ویب براؤزر کروم کے لیے نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے اے آئی ٹولز سے صارفین کے لیے ویب سرفنگ زیادہ آسان اور محفوظ ہو جائے گی۔
یہ نئے اے آئی فیچرز آئندہ چند ہفتوں کے دوران کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن پر صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
ان میں سے ایک فیچر ٹیب آرگنائزر کا ہے۔
اس فیچر سے براؤزر پر اوپن ٹیبز کو مدنظر رکھ کر اے آئی کی جانب سے ٹیب گروپس بنانے کا مشورہ دیا جائے گا۔
اے آئی ٹیکنالوجی کی جانب سے ٹیب گروپس کے نام اور ایموجیز بھی تجویز کیے جائیں گے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے کسی ٹیب کے اوپر ماؤس کرسر رکھ کر رائٹ کلک کرکے Organize Similar Tabs آپشن کو سلیکٹ کریں (جب بھی فیچر آپ کو دستیاب ہو)۔
دوسرا فیچر ٹیکسٹ جنریٹر کا ہے۔
یہ اے آئی ٹول اس وقت کام کرتا ہے جب آپ انٹرنیٹ پر کسی بھی ٹیکسٹ باکس یا فیلڈ پر ماؤس سے رائٹ کلک کرتے ہیں۔
جب آپ کسی ریویو یا کمنٹس کے ٹیکسٹ باکس یا فیلڈ پر رائٹ کلک کریں گے تو وہاں ہیلپ می رائٹ آپشن کو سلیکٹ کرکے چند الفاظ ٹائپ کریں، جس کے بعد باقی کام ٹیکسٹ جنریٹر کرے گا۔
تیسرا فیچر اے آئی وال پیپرز کے حوالے سے ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے کروم کے سائیڈ پینل پر کسٹمائز کروم پر کلک کرکے چینج تھیم آپشن کا انتخاب کریں، جہاں Create with AI پر کلک کریں۔
اس کے ذریعے آپ مختلف اسٹائلز کے متعدد وال پیپرز خود تیار کر سکیں گے۔