مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمالی حصے پر اثر انداز

کراچی: مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمالی حصے پر اثر انداز ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق کراچی میں اس سسٹم کے زیر اثر بارش کا امکان نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ 28 جنوری کو ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے، سسٹم کے زیر اثر کراچی میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں موسم کی خنکی فروری کے ابتدائی 10 دن تک رہ سکتی ہے اور پھر 15 فروری سے کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں 27 جنوری سے ملک میں داخل ہوں گی جن کے 31 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں پر موجود رہنے کا امکان ہے۔

اس سسٹم کے تحت 27 جنوری تک گلگت بلتستان،کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش، پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، 27 سے 31 جنوری تک چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش، پہاڑوں پر برف باری کا امکان جبکہ 30اور 31 جنوری کو گجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

ادھرپنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب 28 اور29 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ مری،گلیات، ناران، کاغان، سوات میں برفباری سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں