بالی وڈ کو کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والے ہدایت کار روہت شیٹی نے باکس آفس پر بدترین ناکامی کا سامنے کرنے والی فلم ‘سرکس’ کو دوبادہ کبھی نہ بنانے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں روہت شیٹی نے اپنی ناکام ہونے والی فلم سرکس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کا اسکرپٹ لمبے عرصے سے تیار تھا لیکن اسے صرف کورونا کے دور میں ہی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے دور میں ہر چیز بند تھی، لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تھے، کرنے کیلئے کوئی کام نہیں تھا اور لوگ فارغ تھے تو لوگوں کو کام میں مصروف رکھنے کیلئے فلم ‘سرکس’ کو شوٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ہدایتکار نے بتایا کہ یہ فلم ایک اسٹوڈیو پر مشتمل فلم تھی جس میں کوئی ایکشن نہیں تھا، ہیرو کی کوئی انٹری نہیں ہوئی اور اس فلم کو بنانے میں میرے کافی پیسے خرچ ہوئے کیونکہ بار بار کورونا کا ٹیسٹ اور بلڈ ٹیسٹ کروانا پڑتا تھا اور یہ ہی وجہ ہے کہ یہ فلم بہت مشکل سے بنی تھی اور میں اس فلم کو دوبارہ کبھی نہیں بناؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر لوگوں کو فلم ‘سرکس’ نہیں پسند آئی تو یقیناً اس میں کچھ نا کچھ کمی ضرور ہوگی۔
واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کی کاسٹ میں اداکار رنویر سنگھ، اداکارہ پوجا ہیج، جیکولین فرنینڈس، ورون شرما اور سنجے مشرا سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔