24 گھنٹے پولیس سکیورٹی میں رہنے والا مرغا

بھارت میں ایک مرغا ایسا بھی ہے جو 24 گھنٹے پولیس کی سکیورٹی میں رہتا ہے۔

ایشیا کے بہت سے ممالک میں مرغوں کو لڑانے کا خونی کھیل کھیلا جاتا ہے جس کیلئے بہترین نسل کے لمبی ٹانگوں والے صحت مند مرغوں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور مرغوں کو لڑنے کی ٹرینگ دی جاتی ہے، مرغوں کی اس لڑائی کیلئے دور دراز سے لوگ آتے ہیں جب کہ ان مرغوں کی لڑائی پر جوئے کا کھیل بھی کھیلا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایسا ہی واقعہ بھارتی پنجاب کے علاقے بھٹنڈاکے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں مقامی لوگوں کی جانب سے مرغوں کی لڑائی کا تماشہ لگایا گیا جسے دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔

پولیس نے موقع پر چھاپہ مار کر زخمی ہونے والے مرغے کو ریسکیو کیا اور اسے اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے گئے جہاں اسے طبی امداد دے کر اس کی جان بچائی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مرغے کو اپنے تحویل میں رکھا ہوا ہے جہاں وہ 24 گھنٹے پولیس کی سکیورٹی میں رہتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ جانوروں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے پر 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اورجائے وقوعہ سے 11 ٹرافیاں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں