90 کی دہائی ایک ایسی دہائی تھی جس میں بالی وڈ کا ہر اسٹار امیتابھ بچن اور سری دیوی کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کو اپنے لیے اعزاز تصور کرتا تھا، ان کے ساتھ فلموں کا خواہشمند تھا لیکن اس دوران ایک ایسا لمحہ بھی تھا جب سری دیوی خود امیتابھ بچن کے ساتھ اپنے کیریئرکی کامیاب ترین فلم خدا گواہ کرنے کیلئے تیار نہ تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ستیارتھ نائیک کی تحریر کردہ کتاب ’ ‘سری دیوی: دی ایٹرنل اسکرین دیوی’میں مرحوم کوریوگرافر سروج خان کی زبانی سنا ایک واقعہ تحریر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سری دیوی امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’خدا گواہ‘ کرنے کیلئے تیار نہ تھیں کیونکہ اس وقت سری دیوی خاتون لیڈ رول کی خواہشمند تھیں۔
سروج خان نے بتایا کہ ہم سری دیوی کے ساتھ ایک گانے کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ گانے کے سیٹ پر ایک ٹرک آگیا، انہوں نے سری دیوی کو اس ٹرک کے قریب کھڑا کرکے ٹرک میں بھری گلاب کی پتیاں سری دیو ی پر نچھاور کر دیں، اگرچہ اس لمحے سری دیوی خاصی متاثر ہوئیں لیکن وہ اس کے باوجود فلم خدا گواہ کیلئے راضی نہ ہوئیں، بعد ازاں انہوں نے شرط رکھی کہ وہ امیتابھ کے ساتھ وہ فلم کریں گی جس میں وہ امیتابھ کی بیوی اور بیٹی دونوں کا کردار ادا کر رہی ہوں۔
سروج خان کے مطابق پروڈیوسر منوج دیسائی اور مکل آنند نے سری دیوی کی شرط کو تسلیم کرتے ہوئے انھیں فلم میں کاسٹ کر لیا جس کے بعد یہی فلم سری دیوی کے کیریئر کی ہٹ فلم بنی۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور سری دیوی کے مداحوں نے دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ گوری شندے کی 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم انگلش ونگلش میں دیکھا تھا ۔