طیارہ آپ ہائی جیک کریں اور ’را‘ کا ایجنٹ ہمیں کہیں، حیدر عباس کا بلاول کو جواب

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما حیدر عباس رضوی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

گزشتہ روز حیدر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا آپ کو ستارے کو ووٹ دینے کا کہا جائے تو ان کو کہیں کہ ستارے آسمان میں اچھے لگتے ہیں، آپ کو پتنگ کو ووٹ دینے کا کہا جائے تو ان کو کہیں پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے، ان کو کہیں ہم ’را‘ سے پیسہ لینے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے، آپ ان کو جواب دیں کہ ہم اس پتنگ کو کاٹ دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے حیدرآباد کی تمام سیٹیں چاہئیں، اس مرتبہ 8 فروری کو حیدرآباد میں تیروں کی بارش ہو گی، جیسے آپ نے پیپلزپارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں جتوایا میں آپ کا شکرگزار ہوں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی اور رہنما ایم کیو ایم پاکستان حیدر عباس رضوی نے کہا کہ آج کرپشن کے باعث پورا سندھ موئن جو دڑو ہے۔

میرپور خاص میں خطاب کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا بلاول صاحب طیارہ آپ ہائی جیک کریں اور را کا ایجنٹ ہمیں کہیں، بھارت کو پاکستان پر حملہ کرنے کے خطوط آپ لوگ لکھیں اور ایجنٹ ہم؟

انہوں نے کہا کہ بہت کچھ ریکارڈ پر ہے لیکن میں احتیاط کرنا چاہتا ہوں، مارچ میں تحریک عدم اعتماد کے دوران ایک معاہدہ آپ نے ایم کیو ایم کے ساتھ کیا تھا، ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدہ کرتے وقت آپ کو یہ سب یاد کیوں نہ آیا، سوچ سمجھ کر گفتگو کریں ورنہ آپ کی پارٹی کے کارنامے بتانے کو بہت کچھ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں