یومِ کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا کشمیریوں کی دلیرانہ جدوجہد پر خراج تحسین

صدر پاکستان، نگران وزیراعظم اور پاک فوج نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کو ان کے عزم اور دلیرانہ جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر پاکستان عارف علوی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہماری خارجہ پالیسی کا کلیدی ستون رہے گا، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد اور حتمی حل آزادانہ استصواب رائے سےکیاجائےگا، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیاجانا چاہیے۔

علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کشمیری عوام بہادری سے غیر انسانی لاک ڈاؤن کا مقابلہ کر رہے ہیں، کشمیر 1948 سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک طویل عرصے سے زیر التوا حل طلب مسئلہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ مسئلہ کشمیر عوام کی امنگوں اور حق خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، آزادی کی جرات مندانہ جدوجہد سے کامیابی کشمیری عوام کا مقدر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں