برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کینسر کا مقابلہ بہت اچھی طرح کر رہے ہیں۔
یہ بات برطانوی ملکہ کمیلا نے اپنے شوہر کی کینسر کی تشخیص کے بعد پہلی بار عوامی سطح پر بات کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی بادشاہ کینسر کی تشخیص کے بعد عوام کی جانب سے ملنے والے پیغامات پر بہت شکر گزار ہیں۔
6 فروری کو بکنگھم پیلس نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ 75 سالہ برطانوی بادشاہ میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ان کا علاج بھی شروع ہوگیا۔
البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ چارلس سوئم کو کینسر کی کس قسم کا سامنا ہوا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ کینسر کی تشخیص شاہ چارلس کے مثانے کے علاج کے دوران ہوئی۔
بیماری کی تشخیص کے بعد سے برطانوی بادشاہ نورفک میں قیام پذیر ہیں۔
ملکہ کمیلا نے اپنے شوہر کو وہاں چھوڑ کر شاہی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے Salisbury کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے طبی عملے سے بھی ملاقات کی۔
طبی عملے میں شامل 40 سالہ بین ایبٹ نے اس موقع پر کہا کہ ‘مجھے امید ہے کہ محترم بادشاہ کی صحت اچھی ہوگی، ہم ان کے بارے میں خبر پڑھ کر بہت زیادہ اداس ہیں’۔
اس موقع پر ملکہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘وہ بیماری کا اچھی طرح مقابلہ کر رہے ہیں اور عوام کے پیغامات پر ان کے شکر گزار ہیں’۔
بیماری کی تشخیص کے بعد بادشاہ چارلس سوئم اپنے تمام کاموں کو التوا ڈال چکے ہیں۔
ان کے بیٹے شہزادہ ولیم کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مختلف تقریبات میں بادشاہ کی نمائندگی کر یں گے، مگر اس حوالے سے ابھی باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا۔