سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ فارم 47 سے کمپرومائز کرنا ہوگا تبھی حکومت بن سکتی ہے۔
کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا پانچواں سال ہے، کیس چلتا ہے نہ یہ پتا چلتا ہے کہ مجھ پر الزام کیا ہے؟
الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا یہ انوکھا الیکشن تھا جس پر گوگل بھی پریشان ہے کہ رزلٹ کیا آیا ہے، فارم 45 اور فارم 47 کا مسئلہ ہے، فارم 47 والاجیتا ہوا ہے، یہ الیکشن کمیشن کا کمال ہے کہ فارم 47 پہلے ہی بن گیا تھا۔
انہوں نے کہا میں نے پہلے ہی کہا تھا حالات بہتر ہو جائیں تو الیکشن کرائیں، میری بات درست ثابت ہوئی اور سب نے دیکھ لیاکہ کیا ہوا ہے اور کیا ہوگا، اس طرح آپ معاملات کو ٹھیک نہیں کر سکتے، آج کوئی بھی اقتدار کا مستحق نہیں ہے، مسئلہ ملک کا ہے اور سب کو چاہیے کہ ملک کی بات کریں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایک ناکام الیکشن ہے، ہر آدمی اقتدار کی بات کر رہا ہے کہ مجھے اقتدار مل جائے، جو جتنا کمپرومائز کرے گا وہ حکومت بنالے گا، جو بھی حکومت میں آیا تمام جماعتیں ساتھ نہیں دیں گی تو حکومت کامیاب نہیں ہو سکتی۔
صحافی نے شاہد خاقان سے سوال کیا کہ کمپرومائز کس سے کرنا ہوگا ؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ فارم 47 سے کمپرومائزکرنا ہوگا۔