کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی جیل خانہ جات منور علی شاہ کی تقرری کالعدم قرار دے دی۔
سندھ ہائیکورٹ میں آئی جی جیل خانہ جات منور شاہ کی تقرری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے گزشتہ سال منور شاہ کو آئی جی جیل کا عارضی چارج دیا تھا جس کو یکم نومبر کو مستقل چارج میں تبدیل کردیا گیا تھا، موجودہ آئی جی جیل سے بھی سینئر افسران موجود ہیں اور یہ ان کی حق تلفی ہے۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات کا عہدہ 21 گریڈ کا ہے اور منور علی شاہ 20 گریڈ کے افسر ہیں۔
عدالت نے درخواست گزار کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات منور شاہ کی تقرری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔