’ان حالات میں ساتھ چلنا مشکل ہے‘، ایم کیو ایم کو (ن) لیگ سے شدید تحفظات

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو حکومت سازی کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر شدید تحفظات ہیں۔

ایم کیو ایم کا4 رکنی وفد مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے آج ملاقات کرے گا، ایم کیوایم اپنے شدید تحفظات کے ساتھ شہبازشریف سے ملے گی، ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ انہیں ابھی تک پاورشیئرنگ میں کوئی کمٹمنٹ نہیں ملی۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی کمیٹی سے جو میٹنگ ہوئی تھی ایم کیوایم اس پر بھی ناخوش ہے اور ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ شہبازشریف کیلئے نیک جذبات ہیں لیکن ان حالات میں ساتھ چلنا مشکل ہوگا۔

ذرائع ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سے میٹنگ کے بعد ایم کیوایم تحفظات کا عوامی سطح پربھی اظہارکرے گی۔

ایم کیوایم ذرائع کے مطابق (ن)لیگ کی جانب سے مذاکرات کے دوران کہا جارہا تھا کہ آپ کے مطالبات مانے جائیں گے، گزشتہ روز ملاقات طے ہونے کے باوجود لیگی ارکان نہیں آئے، پیپلزپارٹی سے کامیاب مذاکرات کے بعد (ن) لیگ کا رویہ ایک دم بدل گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں