کراچی:میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیر تک سندھ میں جیالا وزیراعلیٰ آجائے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تین ہٹی سےڈاکخانہ لیاقت آباد میں ساڑھے 37 کروڑ روپےلاگت سے سیوریج منصوبے پرکام کیا جارہا ہے، منصوبے کو مدت تکمیل سے ایک سال قبل مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک کلومیٹر فاصلے پر 36 اور 42 انچ قطر کی لائنیں ڈالی جارہی ہیں، 2 لاکھ کےقریب آبادی کونکاس آب کی سہولیات حاصل ہوسکیں گی، اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں سیوریج کی شکایت دور ہوں گی، اس علاقے سے ہمارا کوئی یوسی چیئرمین منتخب نہیں، پھر بھی ہم ترقیاتی کام کرارہے ہیں، شہر کے تمام اضلاع میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سندھ اسمبلی کے نومنتخب ارکان کل حلف اٹھائیں گے اور پیر تک اس صوبے میں جیالا وزیراعلیٰ آ جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جی ڈی اے نے عوام سے کوئی رابطہ نہیں رکھا اور جماعت اسلامی کا کام احتجاج کرنا ہے، اس کے علاوہ انہیں کوئی کام نہیں ہے، جماعت اسلامی کے دوست 9 ٹاؤن کے ووٹرز کے مسائل حل کریں، پیپلزپارٹی کا میئر آپ کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔