شاعر علی زریون اپنی پہلی فلم میں کس کردار میں نظر آئیں گے؟

نوجوانوں کے شاعر علی زریون اپنی پہلی فلم “دغا باز دل” میں مرشد کے کردار میں نظر آئیں گے۔

ہدایتکار وجاہت رؤف کی فلم میں مہوش حیات اور علی رحمان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ رومانوی و کامیڈی کہانی پر مبنی فلم کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔

شاعر علی زریون نے کہا کہ ان کا کردار بہت دلچسپ ہے، ناظرین جب فلم دیکھیں گے تو ان کو ضرور پسند آۓ گا۔

علی نے کہا یہ ان کی پہلی فلم ہے سین ختم ہونے کے بعد ہدایتکار وجاہت رؤف نے کہا کہ “علی میاں آپ ون ٹیک ایکٹر ہیں” جو کہ کسی بھی اداکار کو سننا اچھا لگتا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں مہوش حیات کے ساتھ ایک تصویر بھی شئیر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے بتایا کہ یہ تصویر سخی حسن قبرستان میں سین ختم ہونے کے بعد لی گئی ہے۔
کیپشن میں شاعر نے لکھا کہ “فلم کا سین مکمل کرکے میں اور مہوش جون صاحب کی قبر کی طرف چل پڑے، فاتحہ خوانی کی اور جون صاحب کو لکھے گئے دو خطوط کی بابت آگاہ کیا جو پتہ معلوم نہ ہونے کی وجہ سے میں بھیج نہیں سکا تھا، البتہ مہوش نے کہا کہ وہ ایک ناقابل فراموش شاعر ہیں اور رہیں گے۔”

علی زریون کی فلم ’دغا باز دل‘ عید الفطر پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں