کیا آپ دن کا زیادہ وقت ٹیلی ویژن (ٹی وی) یا کسی اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں؟
اگر ہاں تو یہ عادت رات کو کئی بار ٹوائلٹ کے چکر لگانے پر مجبور کر سکتی ہے۔
یہ بات چین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Wenzhou میڈیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد دن بھر میں 5 گھنٹے یا اس سے زائد وقت ٹی وی کے سامنے یا مختلف ڈیوائسز پر ویڈیوز دیکھتے ہوئے گزارتے ہیں، انہیں رات میں کئی بار پیشاب کرنے کے لیے ٹوائلٹ جانا پڑتا ہے، اس عارضے کو طبی زبان میں nocturia کہا جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 20 سال یا اس سے زائد عمر کے 13 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔
تحقیق میں شامل ایک تہائی کے قریب افراد نے nocturia سے متاثر ہونے کی شکایت کی تھی، جس کے باعث انہیں رات کو 2 یا اس سے زائد بار ٹوائلٹ کا چکر لگانا پڑتا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 5 گھنٹے یا اس سے زائد وقت ٹی وی یا کسی اسکرین کے سامنے گزارنے والے افراد میں nocturia سے متاثر ہونے کا خطرہ 48 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ موجودہ عہد میں لوگ زیادہ وقت اسکرینوں کے سامنے گزارنے کے عادی ہوتے جا رہے ہیں اور اس لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ اس عادت سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ دن کا زیادہ وقت ٹی وی یا ویڈیوز دیکھتے ہوئے گزارنے سے nocturia سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رات میں ایک بار پیشاب کرنے کے لیے اٹھنا فکرمندی کی بات نہیں مگر ایسا کئی بار ہو تو نیند متاثر ہوتی ہے جس سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
محققین کے خیال میں جو افراد دن بھر میں کئی گھنٹے اسکرینوں کے سامنے گزارتے ہیں، ان میں ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے، جس کے باعث پیشاب بھی زیادہ آتا ہے۔
اسی طرح ٹی وی دیکھنے والے افراد پانی یا دیگر مشروبات زیادہ پیتے ہیں جبکہ ان کی نیند کا معیار بھی متاثر ہوتا ہے، ان دونوں کے باعث رات کو زیادہ پیشاب کرنے کا امکان بڑھتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل نیورولوجی میں شائع ہوئے۔