پرینیتی چوپڑا کا فلم چمکیلا میں 15 گانے گانے کا انکشاف

اداکاری کے ساتھ گلوکاری میں بھی نام بنانے والی پرینیتی چوپڑا نے فلم چمکیلا میں 15 گانے گانے کا انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران پرینیتی چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے امتیاز علی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘چمکیلا’ کو سائن کیا ہے جس کی اہم وجہ یہ تھی کہ انہیں فلم میں 15 گانے گانے کا موقع مل رہا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ ‘فلم میں میرے ساتھی اداکار دلجیت دوسانجھ نے مجھے گاتے ہوئے سنا اور مجھے لائیو پرفارمنس دینے کا کہا، میرے اردگرد موجود لوگ مجھے مسلسل زور دیتے تھے کہ میں اسٹیج پر پرفارم کرسکتی ہوں’۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل اداکارہ اپنی دو فلموں میں گلوکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جس میں 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم کیسری میں ‘ تیری مٹی’ اور 2017 میں بننے والی فلم میری پیاری بندو کا گانا ‘مانا کہ ہم یار نہیں’ شامل ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق فلم چمکیلا اپریل 2024 میں ریلیز کی جائے گی۔

واضح رہے حال ہی میں اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنا پہلا لائیو کانسرٹ کا اہتمام کیا تھا جس میں انہوں نے ‘آج جانے کی ضد نہ کرو’ گیا تھا جس پر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں