اگر آپ انسٹاگرام میں دوستوں کے ساتھ ٹیکسٹ میسجز پر بات کرنا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ ڈائریکٹ میسج کے لیے میٹا نے 3 نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔
میٹا کی جانب سے انسٹا گرام ڈائریکٹ میسج سیکشن کے لیے 3 بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
میسج ایڈیٹنگ، پن میسجز اور ریڈ رسیپٹس جیسے فیچرز اب انسٹاگرام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق ڈائریکٹ میسج میں بھیجے گئے پیغامات کو 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کرنا ممکن ہوگا۔
اس طرح اگر کسی ٹیکسٹ میسج میں ٹائپنگ کی کوئی غلطی ہوگئی ہے تو آپ اسے درست کر سکیں گے یا اپنے پیغام میں مزید الفاظ کا اضافہ بھی کر سکیں گے۔
یہ فیچر بالکل اسی طرح کا ہے جو واٹس ایپ صارفین کو بھی دستیاب ہے۔
اسے استعمال کرنے کے لیے بھیجے گئے میسج کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں اور پھر ڈراپ ڈاؤن مینیو میں چھپے ایڈٹ بٹن پر کلک کریں۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہے۔
اسی طرح پن میسج فیچر کے ذریعے آپ 3 چیٹس کو پن کر سکیں گے جو ڈائریکٹ میسج ان باکس میں اوپر نظر آئیں گی۔
اس کے لیے کسی چیٹ کو دبا کر رکھیں اور پھر پن آپشن کا انتخاب کریں۔
یہ فیچر آئندہ چند دنوں میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔
جہاں تک ریڈ رسیپٹس کو تبدیل کرنے کی بات ہے تو اس کے لیے انسٹاگرام میں سیٹنگز اینڈ پرائیویسی میں جا کر میسجز اینڈ اسٹوری ریپلائیز کے آپشن کا انتخاب کریں۔
وہاں شو ریڈ رسیپٹس پر کلک کرکے اسے ٹرن آن یا آف کر دیں۔