2007 میں بھارت سمیت دنیا بھر میں سپر ہٹ ہونے والی تاریخی فلم ‘تارے زمین پر’ میں بطور چائلڈ اسٹار کام کرنے والے اداکار درشیل سفاری نے عامر خان کے ساتھ ایک تصویر جاری کی ہے۔
گزشتہ روز درشیل سفاری نے انسٹاگرام پر مسٹر پرفیکشنسٹ کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جس کے بعد مداح بے صبری سے پوسٹ پر تفصیلات پوچھنے لگے۔
اداکار کی جانب سے شیئر کردہ تصویر میں عامر خان کی سفید داڑھی اور سفید بال ہیں جب کہ دونوں ایک دوسرے کی طرف حیرانی کا اظہار کررہے ہیں۔
کیپشن میں نوجوان اداکار نے بتایا کہ ’16 سال بعد ہماری واپسی ہورہی ہے، اور ہم کافی پرجوش ہیں’۔ ساتھ ہی درشیل نے عامر خان کو اپنا ‘مینٹور’قرار دیا اور ان کے لیے محبت کا اظہار بھی کیا۔
درشیل نے اعلان کیا کہ 4 روز بعد پتہ چل جائے گا کہ یہ پوسٹر کس حوالے سے ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عامر خان اور درشیل کی تارے زمین پر کے سیکوئل ستارے زمین پر ہے میں واپسی ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نے فلم پر کام شروع کردیا ہے اور یہ پوسٹر اسی حوالے سے ہے، البتہ اس کی تصدیق تاحال نہیں ہوئی۔