وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں اس بار اسحاق ڈار کی جگہ بینکر محمد اورنگزیب رمدے کو وزیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
نئے ممکنہ وزیر خزانہ محمداورنگزیب رمدے کا تعلق کمالیہ سے ہے وہ سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان چوہدری فاروق رمدے مرحوم کے بیٹے، سابق جج سپریم کورٹ جسٹس خلیل الرحمان رمدے کے بھتیجے اور داماد، سابق وفاقی وزیر و ایم این اے مسلم لیگ ن چوہدری اسد الرحمان کے بھتیجے ہیں۔
محمد اورنگزیب رمدے نے 30 اپریل 2018 کو بطور صدر اور سی ای او ایچ بی ایل بینک جوائن کیا، ایچ بی ایل میں اس ذمہ داری سے پہلے وہ ایشیا میں مقیم جے بی مورگن کے گلوبل کارپوریٹ بینک کے سی ای او تھے۔
ایمسٹر ڈیم اور سنگاپور میں مقیم اے بی این اے ایمرو اور آر بی ایس میں دیگر سینئر مینجمنٹ کرداروں میں 30 سال سے زیادہ بین الاقوامی بینکاری کا ایک بھرپور تجربہ تھا۔
وہ واحد پاکستانی ہیں جنہیں ڈبلیو ایس جے ڈو جونز گروپ کے زیر اہتمام عالمی سی ای او کونسل کی خصوصی رکنیت میں مدعو کیا گیا، وہ پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے چیئرمین، پاکستان بزنس کونسل کے ڈائریکٹر اور انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان میں کونسل ممبر بھی ہیں۔
انہوں نے وارٹن اسکول یونیورسٹی آف پینسلوانیا امریکا سے بی ایس اور ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔